ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں بچوں کے کتاب میلہ کا خوبصورت افتتاح؛ مقررین نے قران کا حوالہ دیتے ہوئے کہا؛ قیامت تک کے لئے ہم کو کتاب سے فراغ ممکن نہیں

بھٹکل میں بچوں کے کتاب میلہ کا خوبصورت افتتاح؛ مقررین نے قران کا حوالہ دیتے ہوئے کہا؛ قیامت تک کے لئے ہم کو کتاب سے فراغ ممکن نہیں

Sat, 04 Feb 2023 14:35:23    S.O. News Service

بھٹکل 4 فروری (ایس او نیوز)قران مجید جو ساری دنیا کے لئے اور قیامت تک کے لئے  ایک ہدایت نامہ ہے اُس کا  سب سے بڑا امتیاز  اور تعارف پہلے ہی  لفظ میں الکتاب سے کیا گیا ہے ، جس کا مطلب یہ ہے کہ   قیامت تک  کے لئے ہم کو کتاب سے فراغ ممکن  نہیں ،  لیکن  ایک ایسے دور میں جب کتابوں کا تعلق سب سے ٹوٹا جارہا ہے، جن کی پہچان کتابوں کی وجہ سے تھی، اُن کے ہاتھوں سے کتابیں چھوٹ چکی ہیں،  بھٹکل میں  بچوں کا کتاب میلہ کا انعقاد بہت زیادہ اہمیت  کا حامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار دار المصنفین اعظم گڑھ سے شائع ہونے والا علم‌و تحقیق کا‌معتبر رسالہ ماہنامہ معارف کے ایڈیٹر مولانا عمیر الصدیق دریابادی ندوی نے کیا۔

 بھٹکل میں بچوں کے کتاب میلہ کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے  انہوں نے کہا کہ  کتاب کا سرمایہ قیمتی سے قیمتی تب ہوگا  جب   ہماری نئی نسل کے لئے کتابیں  مہیا ہوں گی، لیکن آج کتابیں غائب ہوگئی ہیں اور آج ہم اس کا ماتم کررہے ہیں۔ لیکن بھٹکل کے نوجوانوں نے بچوں کا کتابی میلہ منعقد کرکے زبردست انقلابی کام کیا ہے جس کی ستائش ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ  یہ وہ تاریخی قدم ہے جس کی اہمیت کو سمجھنے کی ضرورت ہے،  او رپورے ہندوستان میں اس کی بازگشت سنائی دینی چاہئے مزید کہا کہ  آج سب سے بڑا مسئلہ ہندوستان کی تہذیب،  ثقافت اور  ہندوستان کے امن و سلامتی کو  قائم رکھنا ہے اور وہ فریضہ بھٹکل کے لوگ انجام دے رہے ہیں۔مولانا نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ   ہم  سوچ بھی نہیں سکتے  کہ  جن کی مادری زبان نوائطی ہے، علاقائی زبان کنڑا ہے جن کو اُردو سے کوئی واسطہ نہٰیں ہے لیکن آج  ہندوستان کی بستیوں میں بھٹکل ایسی بستی ہے جہاں سب سے زیادہ  اُردو کے بورڈ دکھائی دیتے ہیں ، اُردو کے نام سے سڑکوں کے نام ہیں  اور اکثر  مکانوں کے باہر اُردو میں  نام  کنندہ ہیں۔  مولانا دریابادی نے  کہا کہ کتابوں کے میلے   بہت ہوتے ہیں، لیکن  بچوں کا کتابی میلہ،  بچوں کے لئے   کتابوں  کو لکھنا پھر بچوں کے لئے  لکھی گئی کتابوں کو  جمع کرنا اور بچوں کے لئے  پورے ہندوستان کے جتنے بھی پبلیشرس ہیں، اُن کو اس میلہ میں  شریک کرانا یہ آسان مرحلہ نہیں ہے، انہوں نے کتاب میلہ کے ذمہ داران کی  بھرپور ستائش کی  اور ایسے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرنے کی تلقین کی۔

مالیگاوں سے تشریف فرما  اُردو صحافی جناب امتیاز خلیل نے کہا کہ  دوسری جگہوں کے کتابی میلوں اور بھٹکل  میں منعقدہ عظیم الشان  کتاب میلہ میں فرق یہ ہے کہ بھٹکل کا کتاب میلہ بغیر کسی سرکاری  تعاون سے منعقد کیا گیا ہے۔مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل کے قاضی مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی اور اُڈپی سے تشریف فرما مولانا عُبیداللہ کنڈلوری ندوی نے بھی اپنے اپنے تاثرات پیش کئے۔

ادارہ ادب اطفال کے زیراہتمام بھٹکل تعلقہ اسٹڈیم  یعنی نوائط کالونی وائی ایم ایس اے میدان میں جمعہ  شام پانچ بجے  بچوں کے کتاب میلہ کا افتتاح  عُبیدالرحمن اٰمین رکن الدین کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔مسیّب  مظہر محتشم نے نعت پاک پیش کی۔ ادارہ کے رُکن مولانا سید ہاشم نظام ندوی نے حاضرین نیز مہمانان کا استقبال کیا۔ ادارہ کے   زیراہتمام  شائع ہونے والے ماہانہ پھول کے مدیراعلیٰ اورکہکشاں  یوٹیوب چینل کے ذمہ دار مولانا سمعان خلیفہ ندوی نے افتتاحی کلمات پیش کئے، کتاب میلہ کے کنوینر اور ادارہ ادب اطفال کے اہم ذمہ دار مولانا عبداللہ غازی ندوی نے پروگرام کی غرض وغایت پر روشنی ڈالی۔ ادارہ کے ایک اور ذمہ دار مولانا سعود شینگیٹی ندوی نے نظامت کی، ادارہ کے صدر ڈاکٹر عبدالحمید اطہر رکن الدین ندوی نے صدارت کی۔  جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے  صدر مولوی عبدالعلیم قاسمی کی دُعا پر جلسہ مغرب کی اذان پر اختتام کو پہنچا۔ باہر سے تشریف فرما جناب سراج عظیم، مولانا حبیب الرحمن ندوی سمیت  مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل کے صدر عنایت اللہ شاہ بندری، بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے سکریٹری  جنرل عتیق الرحمن منیری،   مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل کے صدر سید محی الدین ایس ایم، جامعہ اسلامیہ کے ناظم مولوی طلحہ رکن الدین ندوی،  جامعہ اسلامیہ کے استاذ حافظ کبیرالدین، بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے صدر مولوی عزیزالرحمن رکن الدین ندوی وغیرہ بھی اسٹیج پر موجود تھے۔

یاد رہے کہ  3 فروری سے  شروع  بچوں کا یہ کتاب میلہ  9 فروری تک جاری رہے گا۔ کتاب میلہ میں بچوں کے لئے بہت سارے گیمس بھی رکھے گئے ہیں جہاں شریک ہونے کے لئے   کم ازکم دوسو روپیوں کی کتابوں کی خریداری  ضروری ہے۔ دوسو روپیوں کی کتابوں کی خریداری پر ایک ٹوکن دیا جارہا ہے جس کے ذریعے بچے کھیل کود میں شریک ہو سکیں گے، اسی طرح رات کو بچوں کے لئے مختلف قسم کے مقابلے بھی رکھے گئے ہیں جس کے ذریعے عوام الناس لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔

اس سے نیوز کے تعلق سے پہلے شائع شدہ رپورٹ:

بھٹکل میں ادارہ ادب اطفال کے زیر اہتمام 3 فروری سے شروع ہورہا ہے عظیم الشان کتاب میلہ؛ بچوں کا ٹیلنٹ شو، ڈرامے،دلچسپ پروگرامس اور ہر رات ہوگا لکّی ڈراء


Share: